سرینگر، 8 ؍ستمبر((ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کشمیر کے کولگام ضلع میں دہشت گردوں نے ایک سیاسی لیڈر کے گھر میں سیکورٹی چوکی پر حملہ کر دیا اور پولیس اہلکاروں کی رائفلیں لے کر فرار ہو گئے۔ایک پولیس افسر نے آج بتایا کہ کل دیر رات کولگام کے بیگم میں ماضی میں نیشنل کانفرنس سے منسلک رہے عبد الراشد کھانڈے کے رہائشی احاطے میں عسکریت پسند گھس آئے اور ان کی سیکورٹی میں تعینات پولیس اہلکاروں کی چار سروس رائفلیں لے کر فرار ہو گئے۔اس سے پہلے پولس نے کہا تھا کہ کھانڈے نیشنل کانفرنس کے ڈویژنل چیف ہیں لیکن ریاست میں اہم اپوزیشن پارٹی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ان کا 2002میں پارٹی سے رشتہ ختم ہو گیا تھا۔این سی کے ترجمان جنید عظیم مٹو نے بتایاکہ کولگام میں پارٹی کے ضلع صدر نے کھانڈے کے نیشنل کانفرنس سے وابستہ نہیں ہونے کو لے کر رسمی طور پر پولیس کو معاملے کی اطلاع دے دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد پولیس اہلکاروں کی دو انساس رائفلیں، ایک ایس ایل آر رائفل اور ایک 303رائفل لے کر فرار ہوگئے ہیں۔افسر نے بتایا کہ واقعہ کی محکمہ جاتی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔واقعہ کو انجام دینے والے دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے لیے جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران، دہشت گردوں نے کل رات پلوامہ تھانے پر کچھ راؤنڈ فائرنگ بھی کی تھی لیکن اس واقعہ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔